تشریح:
(1) اس حدیث میں بیت اللہ کی عظمت کو بیان کیا گیا ہے کہ عاشوراء کے دن اسے غلاف پہنایا جاتا تھا۔ (2) کہا جاتا ہے کہ سب سے پہلے یمن کے حیری بادشاہ اسعد تبع نے بیت اللہ کو غلاف پہنایا تھا۔ ہر دور میں اس کا خصوصی اہتمام کیا جاتا تھا۔ (3) اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ دور جاہلیت میں بھی بیت اللہ کی تعظیم کے پیش نظر اسے غلاف پہنایا جاتا تھا، نیز غلاف پہنانے کا اہتمام محرم کی دسویں تاریخ، یعنی عاشوراء کے دن کیا جاتا تھا۔ امام ابو جعفر باقر کے زمانے تک یہ روایت قائم رہی، اس کے بعد ذوالحجہ کی دسویں تاریخ کو غلاف پہنانے کا آغاز ہوا جو آج تک قائم ہے۔ حکومت سعودیہ نے ایک مستقل محکمہ غلاف کعبہ کے لیے قائم کیا ہے جو سارا سال اس کی تیاری میں لگا رہتا ہے۔ اس پر لاکھوں ریال اخراجات اٹھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس حکومت کو تادیر قائم رکھے تاکہ بیت اللہ کی حرمت و عظمت کو برقرار رکھنے میں ممدومعاون ثابت ہو۔ آمین