تشریح:
(1) امام بخاری ؒ کا مقصد ہے کہ جو لوگ حج و عمرے کا ارادہ رکھتے ہیں ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ مکہ میں احرام کے ساتھ داخل ہوں۔ ان کے علاوہ جو لوگ اپنی ذاتی ضروریات یا کسی ہنگامی غرض کے پیش نظر مکہ میں آئے ان پر احرام کی پابندی لگانا درست نہیں، چنانچہ رسول اللہ ﷺ فتح مکہ کے وقت مکہ میں احرام کے بغیر داخل ہوئے کیونکہ آپ کے سر مبارک پر خود تھا۔ اگر بحالت احرام ہوتے تو آپ کا سر ننگا ہوتا۔ اس بنا پر کسی ہنگامی ضرورت کے پیش نظر مکے میں داخل ہونے والا احرام سے مستثنیٰ ہے۔ (2) واضح رہے کہ ابن خطل نے ایک مسلمان کو قتل کر دیا تھا۔ اس کے بعد وہ مرتد ہو گیا تو رسول اللہ ﷺ نے حرم پاک میں اسے قتل کرنے کا حکم دیا، چنانچہ حضرت ابو برزہ اسلمی ؓ نے اسے کیفر کردار تک پہنچایا۔