تشریح:
(1) بعض شارحین نے اس بوڑھے کا نام ابو اسرائیل بتایا ہے لیکن یہ صحیح نہیں کیونکہ ابو اسرائیل نے پیدل چلنے کی نذر نہیں مانی تھی بلکہ اس کی منت یہ تھی کہ سائے کے لیے کوئی چیز استعمال نہیں کرے گا، کسی سے گفتگو نہیں کرے گا اور روزہ رکھے گا۔ وہ جمعہ کے دن دھوپ میں کھڑا تھا تو رسول اللہ ﷺ نے اس کے متعلق دریافت فرمایا۔ مذکورہ حدیث میں ایک دوسرا واقعہ بیان ہوا ہے۔ (2) علماء کا اس میں اختلاف ہے کہ پیدل حج کرنا افضل ہے یا سوار ہو کر جانا زیادہ فضیلت کا باعث ہے؟ اگر سوار ہو کر حج کرنا زیادہ فضیلت رکھتا ہے تو مذکورہ منت میں ترک افضل کا التزام ہے اور اگر پیدل حج کرنا افضل ہے تو رسول اللہ ﷺ نے اس کے عجز کے باعث سوار ہونے کا حکم دیا۔ بہرحال رسول اللہ ﷺ نے اس بوڑھے کو منت پوری کرنے کا حکم نہیں دیا۔ (فتح الباري:103/4)