تشریح:
(1) حدیث میں مذکور عقبہ بن عامر ؓ کی بہن کا نام ام حبان بنت عامر بتایا گیا ہے، حالانکہ اس کے بھائی کا نام عقبہ بن عامر بن نابی ہے جو انصاری ہیں اور غزوۂ بدر میں شریک ہوئے اور اس کے خاوند کا نام حرام بن محیصہ ہے۔ کتب حدیث میں اس عقبہ کی کوئی روایت نہیں ہے جبکہ حدیث میں جس عقبہ بن عامر کا ذکر ہے اس سے مراد وہ عقبہ ہیں جن کا جہینہ قبیلے سے تعلق ہے اور کتب حدیث میں ان سے کئی ایک احادیث مروی ہیں۔ یہ انصاری نہیں اور نہ غزوۂ بدر میں شریک ہی ہوئے ہیں، لہذا ان کی بہن کا نام معلوم نہیں ہو سکا۔ اس نے نذر مانی تھی کہ اوڑھنی کے بغیر، پیدل، ننگے پاؤں بیت اللہ جائے گی، نیز یہ عورت بھاری بھر کم، کمزور اور چلنے سے عاجز تھی۔ اس سے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’وہ اپنے سر پر اوڑھنی لے، سوار ہو جائے اور نذر کے کفارے کے طور پر تین دن کے روزے رکھے۔‘‘ (سنن النسائي، الأیمان والنذور، حدیث:3846) بعض روایات میں اسے اونٹ ذبح کرنے کا حکم دیا گیا۔ (مسندأحمد:201/4) اس کی تفصیل کتاب الأیمان والنذور میں بیان کی جائے گی۔ (فتح الباري:103/4) إن شاءاللہ۔ (2) امام بخاری ؒ نے حدیث کے آخر میں ابو الخیر کا حضرت عقبہ بن عامر ؓ سے سماع ثابت کیا ہے۔