تشریح:
1۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس لیے ناراض ہوئے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین نے ’’آسان کاموں‘‘ کو رفع درجات اور غفران ذنوب کے لیے ناکافی خیال کیا۔ ان کے گمان کے مطابق بلند مراتب کے حصول کے لیے ایسے کٹھن اعمال ہونے چاہئیں جن کی ادائیگی میں تکلیف ومشقت اٹھانی پڑے۔ اس پر آپ نے تنبیہ فرمائی کہ شریعت میں دخل اندازی کی ضرورت نہیں بلکہ جو اور جیسا ارشاد ہو، اس پر اکتفا کیاجائے۔
2۔ فرائض کی ادائیگی کے متعلق یہ حکم نہیں ہے کہ جتنا بوجھ اٹھاسکتا ہواتنا اٹھا لے کیونکہ فرائض اپنی جگہ شروع ہی سے انسانی طاقت سے زیادہ نہیں ہیں، البتہ نوافل کے متعلق یہ حکم ہے کہ اپنی استطاعت کے مطابق ادا کیے جائیں۔ استطاعت میں ہونے کا مفہوم یہ ہے کہ ان پر تادم آخر عمل کیا جاسکے جیسا کہ ارشاد نبوی ہے: "أَحَبُّ الأعمالِ إلى اللهِ أدْومُها وإن قَلَّ" ’’اللہ کے نزدیک محبوب اعمال وہ ہیں جن میں دوام ہو، مقدار میں اگرچہ وہ کم ہوں۔‘‘ (صحیح مسلم، صلاة المسافرین، حدیث: 1830(783))
3۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث سے فرقہ کرامیہ کی تردید کرناچاہتے ہیں جن کاموقف ہے کہ ایمان صرف زبانی اقرار کا نام ہے، لیکن اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ایمان معرفت رب کا نام ہے اور اس کا تعلق دل سے ہے۔ اس بناء پر محض زبانی اقرار کوایمان نہیں کہاجا سکتا۔ اس کے لیے معرفت قلبی بھی ضروری ہے، نیز اس سے ایمان کی کمی بیشی بھی ثابت ہوتی ہے کیونکہ ایمان کا تعلق دل سے ہے اور دل کا یہ فعل ہرجگہ یکساں نہیں ہوتا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قلب مبارک کی ایمانی کیفیت تمام صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین بلکہ جملہ مخلوقات سے بڑھ کر تھی کیونکہ حدیث میں آپ کا خطاب صرف حاضرین میں سے نہیں بلکہ اس کا تعلق پورے عالم سے ہے جس میں دوسرے انبیاءکرام علیہ السلام اور ملائکہ عظام بھی شامل ہیں۔ (شرح الکرماني :113/1)
4۔ صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین کو خیال ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تو مغفور الذنب (بخشے بخشائے) ہیں، لہٰذا آپ کو زیادہ عمل کرنے کی ضرورت نہیں لیکن ہمیں اعمال میں بہت زیادہ محنت وریاضت کی ضرورت ہے۔ اس پر آپ نے غصے کے انداز میں فرمایا: ’’میں تم میں سب سے زیادہ اللہ سے ڈرنے والا ہوں۔ اور سب سے زیادہ اللہ کو جاننے والا ہوں۔ اس تقویٰ اور علم کا تقاضا ہے کہ ہمہ وقت کام میں لگا رہوں۔یعنی تمہارا یہ خیال غلط ہے کہ مجھے عمل کی ضرورت نہیں۔مغفرت تو ادنیٰ درجہ ہے اس کے بعد اور بھی درجات ہیں جن کے حصول کی مجھے ضرورت ہے۔
5۔ایسے وساوس سے جوخیالات دل میں آئیں اور استقرار کی بجائے نکل جائیں،ان پر مواخذہ نہیں ہوگا۔البتہ انھیں زبان پر لانے یا ان کے مطابق عمل کرنے پر مواخذہ ہوگا۔لیکن اس حدیث سے معلوم ہواکہ ایسے بُرے خیالات جو دل میں جم جائیں اور وہ عزم کی صورت اختیار کرلیں وہ قابل مواخذہ ہیں اگرچہ انھیں زبان پر نہ لایا جائے یا ان کے مطابق عمل نہ کیاجائے جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:(وَلَٰكِن يُؤَاخِذُكُم بِمَا كَسَبَتْ قُلُوبُكُمْ) ’’مگر اس کی پکڑ اس چیز پر ہوگی جو تمہارے دلوں کا فعل ہو۔‘‘ (البقرہ 225/2۔وفتح الباری 97/1)