تشریح:
(1) رزق میں کشادگی سے مراد اس میں برکت کا پیدا ہوجانا اور عمر میں اضافے سے مراد جسم میں قوت وہمت کا آجانا ہے کیونکہ رزق اور عمر تو اس وقت ہی لکھ دی جاتی ہے جب انسان ابھی ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے۔(2)برکت کے معنی اس لیے کیے جاتے ہیں کہ صلہ رحمی کرنا ایک صدقہ ہے اور صدقے سے مال میں برکت پیدا ہوتی ہے۔اس کی ایک اور وجہ بھی ہے کہ رشتہ دار اس کے حسن سلوک کو دیکھ کر دل کی گہرائی سے اس کی درازئ عمر اور فراخئ رزق کے لیے دعائیں کریں گے تو اللہ ان دعاؤں کے نتیجے میں اس کے رزق میں برکت کرے گا۔درازی عمر کے یہ بھی معنی ہیں کہ اس کے اچھے برتاؤ سے لوگ اس کی اچھی تعریف کریں گے،زبانوں پر اس کا اچھا چرچا ہوگا گویا وہ مراہی نہیں۔(3)بعض شارحین نے یہ بھی لکھا ہے کہ ماں کے پیٹ میں اس طرح لکھا جاتا ہے کہ اگر صلہ رحمی کی تو اس کا رزق وسیع اور عمر دراز ہوگی۔(فتح الباری:4/382)یہی بات راجح معلوم ہوتی ہے کیونکہ بہتر یہ ہے کہ حدیث کو اس کے ظاہری معنی پر محمول کیا جائے۔امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد یہ ہے کہ خریدوفروخت اور تجارت سے مال میں برکت اور اضافہ ہوتا ہے،اس فراخئ رزق کے لیے کچھ باطنی اسباب بھی ہیں جیسا کہ صلہ رحمی کرنا اور تقویٰ اختیار کرنا ہے۔