تشریح:
(1) اس حدیث میں کھجور کا ذکر ہے کیونکہ مدینہ طیبہ میں کھجوروں کے متعلق ہی بیع سلم ہوا کرتی تھی، لیکن اگر کھجوریں درخت پر ہیں اور ان کی بیع سلم کرنی ہے تو اس کی شرائط آگے بیان ہوں گی، اس مقام پر صرف یہ بیان کرنا مقصد ہے کہ ماپ اور وزن کے ساتھ مدت کا تعین بھی ضروری ہے تاکہ کوئی جھگڑا پیدا نہ ہو، اگر اس میں خیانت ہوتو مقدمہ کیا جاسکتا ہے اور تاوان بھی وصول کیا جاسکتا ہے۔ (2) روز مرہ کی اشیاء ایسی بھی ہیں جن کا سودا گنتی کے اعتبار سے ہوتا ہے، مثلاً: انڈوں کی خریدوفروخت ان میں گنتی کا اعتبار ہوگا۔ یاد رہے کہ رقم کی ادائیگی میں کچھ پیشگی ہوسکتی ہے اور کچھ آئندہ وعدے پر بھی ادا کی جاسکتی ہے۔ اس سلسلے میں بنک گارنٹی بھی کارآمد ہے بشرطیکہ اس میں سود کی آمیزش نہ ہو۔