تشریح:
(1) حدیث میں مذکور دو آیات میں دو قسم کی عورتوں کا بیان ہے: ٭ وہ یتیم بچی جس کے حسن و جمال اور مال و دولت کی وجہ سے سرپرست نکاح کی خواہش مند ہے۔ ٭ حسن و جمال اور مال و دولت کی کمی کی وجہ سے سرپرست کی نکاح میں کوئی رغبت نہیں۔ مطلب یہ ہے کہ وہ یتیم بچی جس کے پاس مال و دولت اور حسن و جمال نہیں اسے تم چھوڑ دیتے ہو اور نکاح کے لیے دوسری عورتیں تلاش کرتے ہو، اس اعتبار سے تمہیں اس صورت میں بھی انہیں چھوڑ دینا چاہیے جب ان کے مال اور جمال میں رغبت کی وجہ سے تم نکاح تو کرنا چاہتے ہو لیکن دستور کے مطابق حق مہر نہیں ادا کرنا چاہتے۔ ہاں اگر ان کے حقوق کی ادائیگی کی جائے اور حق مہر بھی پورا دینے کا ارادہ ہو تو اس صورت میں تمہیں ان سے نکاح کا حق پہنچتا ہے۔ (2) امام بخاری ؒ یتیم کے مال میں شراکت کے متعلق وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ یتیم کے مال میں شراکت صرف اس صورت میں جائز ہے کہ یتیم کی اس میں بھلائی پیش نظر ہو۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَيَسْأَلُونَكَ عَنِ الْيَتَامَىٰ ۖ قُلْ إِصْلَاحٌ لَّهُمْ خَيْرٌ ۖ وَإِن تُخَالِطُوهُمْ فَإِخْوَانُكُمْ ۚ وَاللَّـهُ يَعْلَمُ الْمُفْسِدَ مِنَ الْمُصْلِحِ﴾ ’’اور لوگ آپ سے یتیموں کے متعلق سوال کرتے ہیں۔ ان سے کہہ دیں کہ ان کی اصلاح اور فلاح و بہبود ہی میں بھلائی ہے اور اگر انہیں اپنے ساتھ رکھ لو تو وہ تمہارے ہی بھائی ہیں اور اللہ تعالیٰ اصلاح کرنے والے اور بگاڑ کرنے والے کو خوب جانتا ہے۔‘‘ (البقرة:220:2) الغرض یتیموں کے تمام معاملات میں عدل و انصاف کا برتاؤ ہونا چاہیے، شراکت میں بھی اس پہلو کو مدنظر رکھنا ہو گا۔ واللہ أعلم