تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ نے حضرت جابر ؓ سے مشروط طور پر ہبہ کا وعدہ کیا تھا کہ اگر بحرین سے مال آیا تو تجھے اتنا دوں گا، مگر مال نہ آیا اور نہ آپ اسے پورا کر سکے حتیٰ کہ آپ وفات پا گئے، بعد میں سیدنا ابوبکر صدیق ؓ نے آپ کا وعدہ پورا فرمایا۔ رسول اللہ ﷺ وعدہ پورا کرنے کی تلقین کرتے تھے اور خود بھی اس پر عمل پیرا تھے، اس لیے حضرت ابوبکر ؓ نے آپ کے طریقے کی اقتدا کرتے ہوئے آپ کا وعدہ پورا کیا۔ (2) امام بخاری ؒ کا مقصد اس بات پر تنبیہ کرنا ہے کہ اگر کسی نے کوئی ہبہ یا وعدۂ ہبہ کیا ہو تو مکارم اخلاق کا تقاضا ہے کہ اسے پورا کیا جائے، اگرچہ شرعی اعتبار سے اس کا پورا کرنا واجب نہیں ہے۔