تشریح:
1۔سورج ڈھلنے تک انتظار کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اس وقت مدد کی ہوائیں چلتی ہیں اور دن ٹھنڈا ہونے کے باعث جم کر لڑائی کی جاتی ہے، نیز مسلمان اپنی نمازوں میں مجاہدین کے لیے دعائیں کرتے ہیں، چنانچہ نعمان بن مقرن ؓ بیان کرتے ہیں: رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ وہ ایک جنگ میں شریک تھے، جب فجر طلوع ہوتی تو آپ لڑائی سے رُک جاتے ، پھر جب سور ج طلوع ہوتا تو دوپہر تک جنگ کرتے، پھر زوال آفتاب کےبعد حملہ کرتے اور عصر کے وقت رُک جاتے، پھر نماز عصر کے بعد حملہ کرتے۔ کہا جاتا ہے کہ اس وقت نصرت کی ہوائیں چلتی ہیں اور اہل ایمان اپنے لشکروں کے لیے نمازوں میں دعائیں کرتے ہیں۔ (جامع الترمذي، السیر، حدیث:1612) 2۔نصرت کی ہوا سے مرادبادصبا ہے جو بالعموم فتح ونصرت کا باعث ہوتی ہے۔ اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ جنگ وقتال اسلام کی نظر میں ذاتی طور پر کوئی مرغوب چیز نہیں۔ جہاں تک ممکن ہو اس سے بچنے کی ترغیب دی گئی ہے۔