تشریح:
1۔لڑائی میں تدبیر اور چالبازی ضروری ہے۔غزوہ خندق میں یہود،قریش اور غطفان سب مسلمانوں کے خلاف متحد ہوگئے تھے۔رسول اللہ ﷺنے حضرت نعیم بن مسعود ؓ کو بھیج کر ان میں ناچاقی اور بے اتفاقی پیدا کردی۔ اس وقت آپ نے فرمایا تھا:لڑائی مکروفریب کا نام ہے،یعنی اس میں داؤکرنا اور دشمن کودھوکا دیناضروری ہے کیونکہ جو فریق بھی لڑائی میں ایک بار دھوکا کھاجائے وہ ہلاک ہوجاتا ہے دوبارہ اٹھ نہیں سکتا۔ 2۔اس کا یہ بھی مطلب لیا جاسکتا ہے کہ لڑائی میں جہاں تک ممکن ہوحیلہ وغیرہ کرو تاکہ لڑائی کی نوبت نہ آئے اور اگر اس سے عاجز ہوجاؤ تو پھر جنگ کرو لیکن پہلے مفہوم میں زیادہ جامعیت ہے۔ 3۔واضح رہے کہ دھوکا اور چال لڑائی میں تو جائزہے لیکن اس قسم کی چالبازی دوسرے معاملات میں جائز نہیں۔