تشریح:
1۔ امام بخاری ؒنے یہ روایت انتہائی اختصار سے بیان کی ہے۔ قبل ازیں مفصل روایت ان الفاظ میں بیان ہوچکی ہے:جب مہاجرین مکہ سے مدینہ آئے تو ان کے ساتھ کوئی سامان نہ تھا۔ چونکہ انصار زمینوں والے اور صاحب جائیدادتھے، اس لیے انھوں نے مہاجرین سے یہ معاملہ طے کرلیا کہ وہ باغات میں سے انھیں ہر سال پھل دیا کریں گے اور مہاجرین اس کے عوض ان کے باغات میں کام کریں گے۔ حضرت ام سلیم ؓنے رسول اللہ ﷺ کو کھجوروں کا ایک باغ ہدیہ دیا اور آپ نے وہ باغ حضرت ام ایمن ؓ کو دے دیا، پھر جب رسول اللہ ﷺ غزوہ خیبر سے فارغ ہوئے اورمدینہ طیبہ تشریف لائے تو مہاجرین نے ان کے تحائف واپس کردیے جوانھوں نے پھلوں کی صورت میں دے رکھے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت انس ؓ کی والدہ ام سلیم ؓ کا باغ بھی واپس کردیا اور حضرت ام ایمن ؓ کو اس کے عوض اپنے باغ سے کچھ درخت عنایت کردیے۔ (صحیح البخاري، الھبة و فضلھا والتحریض علیھا حدیث:2630) 2۔ بہرحال ان روایات کا خلاصہ یہ ہے بنونضیر کی زمینیں فے کا مال تھیں جو خالص رسول اللہ ﷺکے لیے تھیں جنھیں آپ نے مہاجرین میں تقسیم کردیا اورانھیں حکم دیا کہ انصار نے جو باغات بطور ہمدردی انھیں دیے تھے وہ واپس کر دیں اور انصار کو اس مال فے سے کچھ نہ دیا۔ اس طرح دونوں فریق ایک دوسرے سے بے نیاز ہوگئے، پھر جب بنوقریظہ نے عہد شکنی کی تو ان کا محاصرہ ہوا۔ بالآخر وہ حضرت سعد بن معاذ ؓکے فیصلے پر راضی ہوئے تو ان کی جائیداد کو تمام صحابہ ؓ میں تقسیم کردیا اور اپنے حصے سے اپنی ضروریات مثلاً:اہل وعیال کا نفقہ اور دیگرضروریات میں خرچ کرتے۔