تشریح:
1۔ لفظ راہب سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ واقعہ حضرت عیسیٰ ؑ کے آسمان پر اٹھائے جانے کے بعد کا ہے کیونکہ رہبانیت کی ابتدا ان لوگوں سے ہوئی جو حضرت عیسیٰ ؑ کے پیروکار تھے۔ 2۔بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کی توبہ کے نتیجے میں تمام گناہ معاف کر دیے حتی کہ وہ گناہ بھی جو حقوق العباد سے تعلق رکھتے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ اس شخص سے راضی ہو گیا تو وہ لوگ بھی اس سے راضی ہو جائیں گے جن کے حقوق اس نے غصب کر رکھے تھے۔ اللہ تعالیٰ حق داروں کو خود اپنی طرف سے اچھا بدلہ دے کر انھیں راضی کردے گا چنانچہ ایک حدیث میں ہے۔ ’’رسول اللہ ﷺ نے یوم عرفہ کے پچھلے وقت اپنی امت کی بخشش کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کی تو اللہ تعالیٰ نے اسے شرف قبولیت سے نوازا اور فرمایا کہ میں نے حقوق العبادکے علاوہ ان کے سب گناہ معاف کردیے۔ وہ حق ظالم سے لے کر مظلوم کو ضرور دوں گا۔ آپ نے اللہ تعالیٰ سے دوبارہ عرض کی اے اللہ! اگر تو چاہے تو مظلوم کو جنت سے کچھ حصہ دے کرراضی کردے اور ظالم کو معاف کردے۔ لیکن اس وقت آپ کی یہ دعا قبول نہ ہوئی بالآخر صبح کے وقت آپ نے مزدلفہ پہنچ کر پھر اس دعا کو دہرایا تو اللہ تعالیٰ نے اسے قبول کر لیا یعنی حقوق العباد بھی معاف کردینے کا وعدہ فرمایا۔‘‘ (سنن ابن ماجة، المناسك، حدیث:3013) لیکن علامہ البانی ؒ نے اس حدیث کوضعیف قراردیا ہے۔ (ضعیف سنن ابن ماجة، حدیث:651) 3۔ بہر حال کبیرہ گناہ معاف ہونے کی چند شرائط ہیں۔ (ا)کبیرہ جرائم کو حلال سمجھ کر نہ کیا جائے۔ (ب) وہ بکثرت نیکیاں کرے۔ (ج) ان مواقع کو چھوڑدے جہاں جہاں اس نے گناہوں کا ارتکاب کیا تھا تاکہ اس جدائی اور علیحدگی سے اس کی توبہ پکی ہو جائے بہر حال اس حدیث سے ان لوگوں نے دلیل لی جو قاتل مومن کی توبہ کے متعلق یہ موقف رکھتے ہیں کہ وہ قبول کی جائے گی۔ واللہ أعلم۔