تشریح:
1۔حضرت عبدالرحمٰن بن عوف ؓ کا مقصد تھا کہ ہم شیوخ ہیں اور یہ ایک نوخیز لڑکا ہے آپ اسے کیوں ہم سے آگے بٹھا تے ہیں؟ حضرت عمر ؓ نے بتایا میں اسے اس کے علم کی وجہ سے آگے بٹھاتا ہوں اور اپنے قریب کرتا ہوں اور علم ہر اس انسان کو بلند کرتا ہے جو بلند نہ ہو۔ چنانچہ انھوں نے مذکورہ آیت کریمہ کی تفسیر پوچھی تو انھوں نے وہی بتائی جسے حضرت عمر بھی جانتے تھے۔ یہ رسول اللہ ﷺ کی دعا کا نتیجہ تھا کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے آپ کو چھاتی سے لگا کر یہ دعا فرمائی تھی ۔’’اے اللہ ! اسے دین میں سمجھ عطا کر۔‘‘ (صحیح البخاري، الوضو، حدیث:143) ’’اے اللہ !اسے اپنی کتاب کا علم دے۔‘‘ (صحیح البخاري، العلم، حدیث:75) ’’اے اللہ! اسے حکمت سے مالا مال کر دے۔‘‘ (صحیح البخاري، فضائل، حدیث:3756)واقعی اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کی دعوت تمام ہو چکی ہے اور دین مکمل ہو گیا ہے اب آپ کی وفات کا وقت قریب آگیا ہے۔2۔اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ کا معجزہ ہے۔ آپ نے حضرت ابن عباس ؓ کوبتا دیا تھا کہ اس میں میری وفات کی طرف اشارہ ہے آپ نے وقوع سے پہلے خبر دی چنانچہ اس کے مطابق ہی ہوا۔یہ آپ کی نبوت کی دلیل ہے۔