تشریح:
1۔اس حدیث میں غیب کی خبر ہے کہ لوگ بہت ہوں گے لیکن انصار میں بد ستور کمی آتی جائے گی کیونکہ انصار وہ ہیں جنھوں نے نبی ﷺ اور صحابہ کرام ؓ کو ٹھکانا دیا ۔تنگی اور ترشی میں دین اسلام کی آبیاری کی ۔ ایسا وقت ا ب نہیں آئے گا۔ اس بنا پر غیر انصار کی کثرت اور ان کی قلت ہوتی گئی چنانچہ اوس خزرج کے قبائل سے بہت کم نسل آگے چلی ویسے تو بہت سے لوگ انصار ہونے کا دعوی کرتے ہیں لیکن محض ادعائی کثرت کا کوئی اعتبار نہیں ہے۔ اسے حقیقی معنی پر ہی محمول کرنا چاہیے کیونکہ مہاجرین کی اولادتو شہروں میں پھیل گئی اور وہ سلطنتوں اور حکومت کے مالک بھی بنے لیکن انصار کو یہ کثرت نصیب نہ ہوئی۔2۔اس میں یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ انصار کو خلافت نہیں ملے گی اس لیے ان کے حق میں حسن سلوک کرنے کی وصیت فرمائی۔ بہر حال رسول اللہ ﷺ کی پیش گوئی پوری ہوئی انصار کھانے میں نمک کی طرح بہت کم مقدار میں ہیں۔ واللہ أعلم۔