تشریح:
1۔ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین حضرات شیخین حضرت ابو بکر ؓ و حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور عثمان ؓ کو دوسرے صحابہ پر فضیلت دینے کے بعد باقی صحابہ میں سے کسی کو ایک دوسرے پر فضیلت نہیں دیتے تھے ۔ جب فضیلت دینے میں اجتہاد کرتے تو انھی تینوں حضرات کے فضائل نمایاں ہوتے۔2۔غالباً اس سے مراد وہ بزرگ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین ہیں جن سے اہم امور میں رسول اللہ ﷺ مشورہ لیتے تھے اس وقت حضرت علی ؓ کی عمر کم تھی ابھی مقام شیخو خت کو نہ پہنچے تھے اس سے حضرت علی ؓ کی تحقیر یا حضرت عثمان ؓ کے بعد فضیلت میں تاخیر قطعاً مراد نہیں بلکہ اہل سنت کا یہ عقیدہ ہے کہ خلفائے ثلاثہ کے بعد حضرت علی ؓ افضل ہیں پھر باقی چھ مبشرہ بعد ازاں شرکائے بدر و اُحد ان کے بعد بیعت رضوان کرنے والے اس حدیث میں مذکورہ تاویل بہت ضروری ہے۔ واللہ أعلم۔