تشریح:
1۔ صنعاء ملک یمن کا ایک شہر ہے جس میں بکثرت باغات ہوتے ہیں اور حضر موت شمالی عرب کا ایک قصبہ ہے جہاں کھجوروں کے باغات ہیں۔ ان کے درمیان پیدل چلنے والوں کے لیے پندر دن کی مسافت ہے۔ اس حدیث میں امن عام مراد ہے جو غلبہ اسلام کے بعد پورے عرب میں لوگوں کو حاصل ہوا۔ حضرت عمر بن عبدالعزیز ؒ کے دور میں ایسے واقعات ہوئے کہ چرواہے اپنی بکریوں کے معاملے میں بھیڑیوں سے بے خوف تھے حتی کہ انھیں ان کی موت کا علم ہی اس وقت ہوا جب بھیڑیوں نے بکریوں پر حملہ کرنا شروع کردیا۔
2۔ آج کل سعودی عرب میں اس قسم کا امن تمام لوگوں کو ملا ہے۔ وہاں سونے سے بھری دوکانیں کھلی رہتی ہیں کسی کو چوری کا ڈر نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ اس حکومت کو قائم و دائم رکھے جو اشاعت اسلام اور ترویج توحید میں پیش پیش ہے۔
3۔بہرحال امام بخاری ؒ کا مقصود ان تکالیف کو بیان کرنا ہے جو مشرکین کی طرف سے رسول اللہ ﷺ اور آپ کے صحابہ کرام ؓ کو اٹھانا پڑیں۔ رضي اللہ عنهم اجمعین ۔