تشریح:
1۔اس مقام پر یہ روایت مختصر طور پر بیان ہوئی ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے یہ الفاظ مکہ مکرمہ آتے ہوئے کہے۔ (صحیح البخاري، الحج، حدیث:1589) اس لیے احتمال ہے کہ فتح مکہ کے سال آپ نے ارشاد فرمایا ہو۔ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے یوم النحر کے اگلے دن یہ الفاظ فرمائے کہ ہم کل خیف بنی کنانہ میں پڑاؤ کریں گے۔ (صحیح البخاري، الحج، حدیث:1590) اس سے معلوم ہوتا ہےکہ آپ نے حجۃ الوداع کے موقع پر یہ الفاظ فرمائے تھے جبکہ طواف وداع کے لیے مکہ جانے کا پرو گرام بنایا تھا۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے فتح مکہ اور حجۃ الوداع دونوں وقت ایسا کہا تھا۔ (فتح الباري:242/7) 2۔امام بخاری ؒ کے نزدیک بنو ہاشم سے ترک موالات کا واقعہ شرائط کے مطابق نہ تھا اس لیے آپ نے مذکورہ حدیث ذکر کرنے پر اکتفاء کیا ہے کیونکہ یہ حدیث واقعے کی بنیاد پر دلالت کرتی ہے گویا اہل مغازی نے جو واقعہ نقل کیا ہے وہ اس حدیث کی تشریح ہے کہ مشرکین نے اپنے کفر پرجمے رہنے کی قسمیں اٹھائیں تھیں۔ بہر حال اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول اللہ ﷺ کو ان کٹھن حالات سے نجات دی جو کفارقریش نے پیدا کر رکھے تھے۔