تشریح:
1۔ حدیث میں مذکورہ واقعہ صلح حدیبیہ کے موقع پر پیش آیا تھا،اس لیے امام بخاری ؓ نے اسے بیان کیا ہے۔
2۔ دورجاہلیت میں لوگوں کا عقیدہ تھا کہ کچھ ستارے موثر حقیقی ہیں اور ان کا طلوع وغروب بارش کے آنے اورموسم میں تبدیلی کا باعث ہے، حالانکہ مؤثر حقیقی ذات باری تعالیٰ ہے اور وہ اللہ تعالیٰ کو مؤثر حقیقی ماننے کے بجائے ستاروں سے اپنی عقیدت قائم کیے ہوئے تھے، اس لیے اللہ تعالیٰ نے انھیں تنبیہ فرمائی اور اسے کفر قراردیا ہے۔
3۔ درحقیقت ہرچیز کا محرک اللہ تعالیٰ ہے حتی کہ کواکب ونجوم کامحرم بھی وہی ہے، اس لیے ہراعتبار سے ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے اگرچہ کچھ چیزوں کو بارش آنے کا سبب قراردیا ہے جیساکہ آگ کوجلانے کا سبب بنایا ہے، اس بنا پر اگر کوئی کہتاہے کہ ٹھنڈی ہوا چل رہی ہے، گھنے بادل چھائے ہیں، آج بارش ہوگی تو یہ کفر نہیں کیونکہ یہ بارش کے عام اسباب ہیں لیکن موثر حقیقی نہیں ہاں، اگران اسباب کو مؤثر حقیقی کامقام دیا جائے تو ایسا عقیدہ یقیناً کفر ہے، جس پر رسول اللہ ﷺ نے تنبیہ فرمائی ہے۔