تشریح:
1۔ایک روایت میں ہے کہ حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا:جب سے اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی ﷺ کے لیے مکہ مکرمہ فتح کردیا ہے اس وقت سے یہ ہجرت ختم ہو چکی ہے۔ (صحیح البخاري، الجهاد والسیر، حدیث:3080۔)یعنی شروع اسلام میں مسلمان کمزور تھے انھیں اسلام لانے کی وجہ سے تکلیفیں پہنچائی جاتیں، لوگ فتنے کے ڈر سے اپنے دین کی حفاظت کے لیے ہجرت کرتے تھے اب جبکہ اللہ تعالیٰ نے مکہ فتح کردیا ہے اور اسلام مغلوب ہونے کی بجائے غالب ہے تو مذکورہ خطرات ختم ہو چکے ہیں، اس لیے اب کافروں سے اللہ کی راہ میں جہاد اور ہجرت کی نیت کا ثواب بدستور قائم ہے۔ 2۔جہاد بالفعل یا جہاد بالقوہ ہو لیکن اسے صرف جنگ و قتال میں بند کرنا صحیح نہیں بلکہ جہاد بالمال جہاد باللسان اور جہاد بالقلم سب کو شامل ہے جہاد عملاً نہ ہو تو بھی اس کی نیت ضرور ہونی چاہیے لیکن نیت کے یہ معنی نہیں کہ ارادہ کر کے انسان اپنے گھر میں بیٹھا رہے اور اس کے لیے تیاری نہ کرے نیت کا معیار ﴿وَأَعِدُّوا لَهُمْ مَا اسْتَطَعْتُمْ﴾ (الأنفال:60/8) کو قراردیا گیا ہے۔ اس کی تیاری ضرور ہونی چاہیے۔ واللہ اعلم۔