تشریح:
1۔ حضرت ابو عامر ؓ کو تیر مارنے والا سلمہ بن درید ین صمہ تھا جو قبیلہ جشم سے تعلق رکھتا تھا جب حضرت ابو عامر ؓ شہید ہو گئے تو حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ نے جھنڈا پکڑلیا اور مشرکین سے جنگ لڑی تو اللہ تعالیٰ نے انھیں فتح و کامرانی عطا فرمائی۔
2۔ واضح رہے کہ ابو عامر ؓ کے زخم سے پانی نکلنا ان کے زخمی اور قریب المرگ ہونے کی علامت تھی۔
3۔ اس حدیث میں دعا کرتے وقت ہاتھ اٹھانے کا ذکر ہے جس میں ان لوگوں کی تردید ہے جو دعا میں ہاتھ اٹھانا صرف بارش طلب کرنے کے ساتھ خاص کرتے ہیں نیز دعا کے لیے باوضو ہونے کا استحباب بھی ثابت ہوتا ہے لیکن اس سے تعزیت کے وقت ہاتھ اٹھا کر دعا کرنے کا استدلال محل نظر ہے کیونکہ تعزیت کے وقت مخصوص جگہ پر بیٹھ کر فاتحہ خوانی کرنا اور ہاتھ اٹھانا اس سے ثابت نہیں ہوتا کیونکہ حضرت ابو عامر ؓ نے شہادت کے وقت رسول اللہ ﷺ سے دعا کی درخواست کی تھی جسے پورا کیا گیا، اس کا مروجہ تعزیت سے دور کا بھی تعلق نہیں۔ واللہ اعلم۔
4۔ درید ین صمہ مشہور شاعر تھا۔ اسے ربیعہ بن رفیع نے قتل کیا۔ بعض روایات سے پتہ چلتا ہے اس کے قاتل حضرت زبیر بن عوام ؓ تھے درید جب قتل ہوا تو اس کی عمر ایک سو بیس سال تھی۔ (فتح الباري:53/8)