تشریح:
1۔ عنوان، ایمان کی کمی بیشی کے متعلق تھا لیکن حدیث میں خیر کی کمی بیشی کا ثبوت ہے اور یہ ایک عمل ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ کمی بیشی نفس ایمان کی نہیں بلکہ شرائع واحکام کی ہے، لیکن امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے حدیث کے آخر میں ایک متابعت سے ثابت فرمایا کہ خیر سے مراد ایمان ہے، گویا متابعت کا ایک فائدہ تعیین مراد ہے۔ اس کے دو فائدے اور بھی ہیں: ایک یہ کہ قتادہ مدلس ہیں۔ اگرسماع کی تصریح نہ ہو تو اس کی روایت قبول نہیں ہوتی۔ امام صاحب نے متابعت سے تحدیث (حَدَّثَنَا) کی تصریح کردی۔ گویا دوسرا فائدہ تصریح سماع کا ہوا۔ اورایک فائدہ یہ بھی ہے کہ ابان اورہشام اگرچہ دونوں ثقہ ہیں لیکن ہشام کا درجہ، ثقاہت کے لحاظ سے ابان سے بہت اونچا ہے اس لیے امام صاحب نے ہشام کی روایت کو اصل قراردیا اور اس کی خامی کو متابعت ذکر کر کے دور کر دیا، یعنی تیسرا فائدہ تقویت روایت ہے۔
2۔ سورج کی شعاعوں میں سوئی کی نوک کے برابر بے شمار ذرے اڑتے نظر آتے ہیں، چارذرے ایک رائی کے دانے کے برابر ہوتے ہیں اور سو ذرات ایک جو کے دانے کے برابر وزن رکھتے ہیں۔ حدیث کا یہ اسلوب ایمان کی کمی بیشی پر روز روشن کی طرح واضح ہے، نیز اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ بعض بدعمل موحدین جہنم میں داخل ہوں گے، پھر اپنی سزا پانے کے بعد انھیں وہاں سے نکال لیا جائے گا۔ اس میں خوارج کے مسلک کے برعکس اس بات کا اثبات ہے کہ کبیرہ گناہوں کا مرتکب کافر نہیں ہوتا اور نہ وہ ہمیشہ کے لیے جہنم ہی میں رہے گا۔ اس سے یہ معلوم ہوا کہ ایمان کے لیے صرف معرفت ناکافی ہے بلکہ زبان سے اقرار اوروہ بھی دلی یقین کے ساتھ ہونا ضروری ہے۔ (شرح الکرماني: 176/1)