تشریح:
جب تحویل قبلہ ہوا تو ومشرکین اور منافقین و یہود نے طرح طرح کی باتیں کرنا شروع کردیں۔ مشرکین مکہ کہنے لگے۔ اب محمد (صلی اللہ علیه وسلم) رفتہ رفتہ ہمارے طریقے کو اختیار کر رہے ہیں۔ چند دنوں کے بعد نیا دین چھوڑ کر اپنے آبائی دین کو اختیار کرلیں گے مدینہ طیبہ کے منافقین کہنے لگے۔ اگر پہلا قبلہ صحیح تھا تو دوسرا قبلہ غلط ہے اور اگردوسرا صحیح ہے تو پہلا غلط تھا۔ اسی طرح اہل کتاب کہنے لگے۔ اگر یہ سچے رسول اللہ ﷺ! ہوتے تو پہلے انبیاء ؑ کی طرح بیت المقدس ہی کو قبلہ بناتے۔ اسی طرح یہ سب مل کر بے ہودہ اور فضول باتیں کرنے لگے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی فضول باتوں کے جواب میں یہ آیات نازل فرمائیں۔ "عنقریب بے وقوف لوگ کہیں گے۔۔۔"آخر تک۔ (فتح الباري:215/8)
2۔ واضح رہے کہ آیت کریمہ میں نمازوں کو ایمان سے تعبیر کیا گیا ہے جس سے ایمان اور اعمال میں یکسانیت معلوم ہوتی ہے۔ ثابت ہوا کہ ایمان کوئی جامد چیز نہیں جس میں کمی و بیشی نہ ہو بلکہ اطاعت سے اس میں اضافہ اور نافرمانی سے اس میں کمی آجاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مذکورہ آیت میں اہل ایمان کوتسلی دی ہے کہ ان کی نمازیں ضائع نہیں ہوئیں بلکہ انھیں ان کی نمازوں کا بھرپور بدلہ دیا جائے گا۔ اس آیت میں نماز کو ایمان سے تعبیر کیا گیا ہے کیونکہ نماز کے بغیر ایمان کی کوئی حیثیت نہیں۔