تشریح:
1۔ ولید بن ولید، حضرت خالد بن ولید ؓ کے بھائی ہیں، جنگ بدر میں مشرکین کے ساتھ قیدی بن کر مسلمانوں کے پاس آئے۔ فدیہ دے کر رہائی پائی، پھر اسلام قبول کیا اس کی پاداش میں انھیں مکہ میں محبوس کردیا گیا، پھرانھوں نے سلمہ بن ہشام اور عیاش بن ابی ربیعہ کے ساتھ وہاں سے بھاگ نکلنے کا پروگرام بنایا، چنانچہ اپنے منصوبے میں کامیاب ہوگئے تو رسول اللہ ﷺ نے ان کے لیے دعا فرمائی۔
2۔ ولید بن ولید رسول اللہ ﷺ کی حیات طیبہ میں ہی وفات پاگئے تھے۔ سلمہ بن ہشام ابوجہل کے بھائی اور ولید کے چچا کے بیٹے ہیں۔ عیاش بن ابی ربیعہ بھی ولید کے چچازاد ہیں۔ بہرحال اس آیت کی شان نزول کے متعلق مختلف واقعات کتب احادیث میں مروی ہیں، ممکن ہے کہ ان تمام واقعات کے پیش آنے کے بعد یہ آیت نازل ہوئی ہو کیونکہ ایک آیت کے نازل ہونے کا سبب مختلف واقعات ہوسکتے ہیں۔