تشریح:
1۔ رسول اللہ ﷺ نے رئیس المنافقین کو اس لیے کرتا پہنایا اور اس کی نماز جنازہ پڑھی تھی کہ جو لوگ اسلام کے قریب نہیں تھے، ان کے قریب ہونے کی توقع تھی، چنانچہ حافظ ابن حجر ؒ نے ایک حدیث ذکر کی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’میری قمیص اسے اللہ کے عذاب سے نہیں بچاسکتی مگر میں نے یہ کام اس لیے کیا ہے کہ مجھے اس عمل سے اس کی قوم کے ہزار آدمیوں کے مسلمان ہونے کی اُمیدہے۔‘‘ (فتح الباری:426/8) نیز منافقین اگرچہ دل سے کافر تھے مگر ظاہری لحاظ سے ان پر شرعی احکام ویسے ہی نافذ تھے جیسے سچے مسلمانوں پر لاگو ہوتے تھے۔
2۔اس آیت سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اگر رسول اللہ ﷺ کسی گناہ گار کے حق میں استغفار کریں تو اس کی معافی ہوسکتی ہے لیکن بداعتقاد لوگوں کی معافی کے لیے کوئی صورت نہیں خواہ رسول اللہ ﷺ کتنی ہی زیادہ دفعہ اس کے لیے استغفار کریں، چنانچہ اس آیت کے بعد رسول اللہ ﷺ نے منافقین کی نماز جنازہ پڑھانا یا ان کے حق میں استغفار کرناچھوڑدیاتھا۔ (وتفسیر الطبری تحت آیۃ سورۃ التوبہ:84)