تشریح:
1۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا موقف تھا کہ قاتل کے لیے کوئی توبہ نہیں۔ سورہ فرقان کی جس آیت میں قاتل کے لیے توبہ کا ذکر ہے وہ مکی سورت ہے جسے سورہ نساء کی مندرجہ ذیل مدنی آیت نے منسوخ کردیا ہے: ’’اور جو کسی مومن کو جان بوجھ کر قتل کرڈالے تو اس کی سزا دوزخ ہے جس میں وہ ہمیشہ رہے گا۔ اس پر اللہ تعالیٰ کاغضب ہے۔ اس پر اللہ نے لعنت کی ہے اور اس کے لیے بہت بڑا عذاب تیار کررکھا ہے۔‘‘ (النساء:93/4)
2۔ بہرحال حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا موقف جمہور اہل علم کے خلاف ہے۔ ممکن ہے کہ انھوں نے بہت سدباب کے طور پر یہ مسلک اختیار کیا ہو یااستحلال (جو قتل کرنا حلال سمجھتا ہو) پرمحمول کرکے فرمایا ہوورنہ توبہ سے تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔ اس کی تفصیل ہم نے حدیث:4590 کے فوائد میں بیان کی ہے۔