تشریح:
1۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس 9ہجری میں بنو تمیم کا ایک وفد آیا اور آپ سے درخواست کی کہ آپ ان کا کوئی سردار مقررفرما دیں۔ ابھی آپ خاموش تھے کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اقرع بن حابس کا اور حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے قعقاع بن معبد کے امیر بنانے کا مشورہ دیا۔ اس دوران میں دونوں حضرات کی آوازیں بلند ہوگئیں تو مذکورہ آیت نازل ہوئی۔
2۔ ایک روایت میں ہے کہ آیت کے نازل ہونے کےبعد حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے گفتگو کرتے تو گویا ایک راز داں کی طرح بات کرتے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان سےپوچھنے کی ضرورت پڑتی۔ (صحیح البخاري، الاعتصام بالکتاب والسنه، حدیث:7302) حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے متعلق لکھا ہے کہ آپ نے فرمایا: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! میں نے قسم اٹھائی ہے کہ آئندہ ایک رازداں کی طرح آپ سے گفتگو کروں گا۔ (فتح الباري:752/8)