تشریح:
جب صلح حدیبیہ ہوئی تو اس میں ایک شرط یہ بھی تھی کہ جو مسلمان مکے سے مدینے آئے گا۔ مسلمان اسے کافروں کو لوٹانے کے پابند ہوں گے اور اس شرط کے تحت مسلمانوں نے کافروں کے مطالبے پر کچھ مسلمان لوٹا بھی دیے اسی دوران میں جب اُم کلثوم بنت عتبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہجرت کر کے مدینے آگئیں تو کافروں نے ان کی واپسی کا مطالبہ کر دیا لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کافروں کے اس مطالبےکو درست تسلیم نہ کیا کیونکہ شرط کے الفاظ کی روسے عورتیں اس شرط سےمستثنیٰ تھیں لیکن مسلمانوں کو پابند کیا گیا کہ وہ ہجرت کرنے آنے والی عورتوں سے پوچھ گچھ کریں کہ آیا وہ واقعی مسلمان ہیں؟ محض اسلام کی خاطر وطن چھوڑ کر آئی ہیں؟ کوئی دنیوی یا نفسانی خواہش تو اس ہجرت کا باعث نہیں تھی؟ کہیں خاوندوں سے لڑ کر دیا گھریلو جھگڑوں سے بے زار ہو کر یا محض سیر و سیاحت یا کوئی دوسری غرض تو ہجرت کا باعث نہیں تھی۔ جب عورتیں پوچھ گچھ میں کامیاب ہو جائیں تو انھیں کس صورت میں بھی کافروں کی طرف واپس نہیں کیا جائے گا۔ چنانچہ حدیث میں صراحت ہے کہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان مہاجر عورتوں سے پوچھ گچھ کرتے تھے۔