تشریح:
1۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جس معاشرے میں اسلام کی دعوت لے آئے تھے وہ صرف عقائد واخلاق کی نجاستوں ہی میں مبتلا نہیں تھا بلکہ طہارت ونظافت (پاکیزگی اور صفائی)کے ابتدائی تصور سے بھی ناآشنا تھا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان لوگوں کو ہر لحاظ سے پاکیزگی کا سبق سکھانا تھا اس لیے ہدایت فرمائی گئی کہ آپ اپنی ظاہری زندگی میں بھی طہارت و نظافت (پاکیزگی اور صفائی )کا ایک اعلیٰ معیار قائم کریں ۔ اس کے علاوہ روح کی پاکیزگی کے لیے بھی جسم اور لباس کی صفائی انتہائی ضروری ہے۔
2۔ اس ابتدائی سبق کا ہی ثمرہ ہے کہ ہماری حدیث اور فقہ کی ہر کتاب ’’کتاب الطہارت‘‘ سے شروع ہوتی ہے جس میں پاکی اور ناپاکی کے فرق اور طہارت کے طریقوں کو نہایت تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ واللہ اعلم۔