تشریح:
1۔ اس حدیث کی عنوان کے ساتھ اس طرح مطابقت ہے کہ جب حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سورہ یوسف کی تلاوت کی تو کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے تلاوت کیا تھا تو آپ نے میری قراءت کی تحسین فرمائی تھی۔
2۔ اس آدمی نے قرآن کریم کی تکذیب نہیں کی کیونکہ اسے جھٹلانے سے تو انسان دائرہ اسلام سے خارج ہو جاتا ہے بلکہ امت کا اس پر اتفاق ہے کہ اگر کوئی شخص قرآن کریم کے ایک حرف کا انکار کرتا ہے تو وہ کافر ہو جاتا ہے اس آدمی نے طرز ادا کا انکار کیا تھا کیونکہ اس نے کہا: یہ اس طرح نازل نہیں ہوئی اور حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے جواب سے بھی یہی معلوم ہوتا ہے کہ اس نے قرآنی سورت کا انکار نہیں کیا تھا، چنانچہ آپ نے اس کے جواب میں فرمایا: میں نے اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی موجود گی میں پڑھا تو آپ نے میری قراءت کو بنظر تحسین دیکھا تھا۔ اس آدمی نے جہالت قلت حفظ اور عدم ثبت کی وجہ سے ایسا کہا کیونکہ وہ اس وقت نشے کی حالت میں تھا۔ (فتح الباري:63/9)