تشریح:
(1) امام بخاری رحمہ اللہ نے عنوان میں اس امر کو بیان کیا تھا کہ گونگے آدمی کا اشارہ قابل اعتبار ہے، حد قذف اور لعان دونوں میں اس کا اشارہ مفید اور معتبر ہے۔ ان مختلف احادیث میں امام بخاری رحمہ اللہ نے ثابت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض مواقع پر اشارے سے کام لیا ہے جبکہ آپ اس امر کی وضاحت اپنے ارشاد گرامی میں بھی کرسکتے تھے۔(2) جب ایک قادر الکلام انسان کا اشارہ معتبر ہے تو وہ انسان جو قوت گویائی سے محروم ہے اس کا اشارہ کیوں معتبر نہیں ہوگا۔ اشارے کے سلسلے میں حدود اور دیگر احکام میں فرق کرنا بھی محض سینہ زوری ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لڑکی کے اشارے سے یہودی پر حد جاری کر دی تھی۔ (صحیح البخاري، الخصومات، حدیث: 2413) بہرحال اشارہ، لعان اور دیگر احکام میں قابل اعتبار ہے۔ والله أعلم