تشریح:
(1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے علامات و نشانات دیکھنے کے باوجود اس عورت کو رجم نہیں کیا کیونکہ اس نے لعان کر کے اپنا دفاع کر لیا تھا۔ امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد بھی یہی ہے کہ اگر عورت کی طرف سے لعان عمل میں آ جاتا ہے تو اس پر کسی قسم کی سزا لاگو نہیں ہوگی کیونکہ گواہوں کے بغیر کسی پر حد لگانا شریعت میں جائز نہیں، ہاں، اگر اعتراف کر لیتی تو ضرور اسے رجم کیا جاتا۔ ایک دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگر اس عورت نے سرمگیں آنکھوں والا، موٹے موٹے سرینوں والا اور گوشت سے بھری ہوئی پنڈلیوں والا بچہ جنم دیا تو وہ شریک بن سحماء کا ہے جس کے متعلق اس کے خاوند نے نشاندہی کی تھی کہ اسے اپنی بیوی کے ساتھ پایا ہے، چنانچہ عورت نے انھی اوصاف کے مطابق بچہ جنم دیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگر اللہ کا فیصلہ نہ ہو چکا ہوتا تو میں اسے ضرور سزادیتا۔‘‘ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4747، و فتح الباري:572/9 )
(2) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اس کے معنی بیان کیے ہیں کہ اگر لعان نہ ہوتا جس نے اس عورت سے حد کو دور کر دیا ہے تو میں ضرور اس پر حد قائم کرتا کیونکہ وہ شبہ ظاہر ہو چکا ہے جس کے متعلق عورت پر الزام لگایا گیا تھا۔ واللہ أعلم