تشریح:
رجوع کی دو قسمیں ہیں: پہلی قسم یہ ہے کہ دوران عدت میں رجوع کیا جائے۔ اس میں تجدید نکاح کی ضرورت نہیں ہے جیسا کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کے واقعے سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں رجوع کرنے کا حکم دیا لیکن اس میں نئے سرے سے نکاح کرنے کا حکم نہیں دیا۔ دوسری قسم یہ ہے کہ عدت کے بعد رجوع کرنا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ از سر نو نکاح کا اہتمام کیا جائے اور نکاح کی شروط اور لوازمات کا خیال رکھا جائے جیسا کہ حضرت معقل بن یسار رضی اللہ عنہ کی حدیث سے معلوم ہوتا ہے۔ اور اس پر اجماع ہے کہ جب کوئی آزاد مرد اپنی آزاد بیوی کو پہلی یا دوسری طلاق دے دے تو وہ اس سے رجوع کرنے کا زیادہ حق دار ہے اگرچہ عورت اسے ناپسند ہی کرتی ہو۔ اور رجوع کے متعلق یہ بات واضح ہے کہ قول اور فعل ہر طرح سے ہو سکتا ہے۔