تشریح:
(1) طبرانی کی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک برتن لایا گیا جس میں دودھ اور شہد تھا تو آپ نے فرمایا: ’’دو سالن ایک برتن میں، میں نہ تو اسے کھاتا ہوں اور نہ انہیں حرام ہی کرتا ہوں۔‘‘ (المعجم الأوسط للطبراني، رقم: 7404) امام بخاری رحمہ اللہ نے اس عنوان اور پیش کردہ حدیث سے اس حدیث کے ضعف کی طرف اشارہ کیا ہے۔ (فتح الباري: 710/9)
(2) اس حدیث سے دو پھلوں کو بیک وقت کھانا اور دو کھانوں کو ایک وقت میں جمع کرنے کا جواز ملتا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ کھانے کی اشیاء میں وسعت کی جا سکتی ہے بشرطیکہ فضول خرچی اور نمود و نمائش کا شائبہ نہ ہو۔ ہمارے بعض اسلاف سے جو اس کی کراہت منقول ہے وہ اسی امر پر محمول ہو گی کہ اسے بطور عادت اختیار نہ کیا جائے۔ واللہ أعلم