تشریح:
(1) عید کے دن گوشت کی خواہش رکھنا خلوص اور للہیت کے منافی نہیں، لیکن اس خواہش اور چاہت کو پورا کرنے کے لیے شریعت کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔ اپنے پڑوسیوں کی غربت و محتاجی کا خیال رکھنا بہت زیادہ ضروری ہے لیکن شریعت کے اندر رہتے ہوئے ان سے غم گساری کی جائے۔
(2) حضرت انس رضی اللہ عنہ نے فرمایا: مجھے معلوم نہیں، یہ رخصت دوسروں کو بھی ہے یا نہیں جبکہ حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث میں وضاحت ہے کہ ایک سالہ بکری کے بچے کی قربانی حضرت ابو بردہ بن نیار رضی اللہ عنہ کے لیے تھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے متعلق فرمایا تھا: ’’تیرے بعد ایسا کرنا کسی کے لیے جائز نہیں ہو گا۔‘‘ (صحیح البخاري، الأضاحي، حدیث: 5556) شاید حضرت انس رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مذکورہ ارشاد نہ سن سکے ہوں۔ (فتح الباري: 10/10)