تشریح:
(1) حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی بھی شخص کو کھڑے ہو کر پینے سے منع فرمایا ہے۔ (سنن أبي داود، الأشربة، حدیث: 3717) اس حدیث کے پیش نظر بلا وجہ کھڑے ہو کر پینا کسی طرح مناسب نہیں۔ اس موضوع پر بکثرت احادیث آئی ہیں، بلکہ بعض احادیث میں ہے کہ اگر کوئی بھول کر کھڑے کھڑے پانی پی لے تو اسے قے کر دے۔ (صحیح مسلم، الأشربة، حدیث: 5279 (2026))
(2) ان حدیثوں سے پتا چلتا ہے کہ اسلام آرام سے بیٹھ کر پینے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول بھی یہی تھا کہ آپ آرام و سکون سے بیٹھ کر پانی وغیرہ پیتے تھے، ہاں کسی ضرورت کے پیش نظر کھڑے ہو کر پینا جائز ہے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک مرتبہ حضرت کبشہ رضی اللہ عنہا کے گھر تشریف لے گئے، گھر میں مشکیزہ لٹک رہا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کھڑے کھڑے پانی پیا۔ (جامع الترمذي، الأشربة، حدیث: 1892) لیکن کھڑے ہو کر پینے کو معمول نہیں بنانا چاہیے۔