تشریح:
(1) امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد اس عنوان اور پیش کردہ حدیث سے یہ ہے کہ اونٹ پر سوار رہ کر کھانا پینا درست ہے، یہ کھڑے کھڑے کھانے پینے میں شامل نہیں ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فعل، جواز کے لیے کافی ہے اور ایسا کرنا ممنوعہ صورت میں داخل نہیں ہے۔ جب زمین پر کھڑے کھڑے پینا جائز ہے تو کھڑے جانور پر بیٹھ کر کھانا پینا تو بالاولیٰ جائز ہو گا۔
(2) واضح رہے کہ عرفہ کے دن لوگوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے روزے کے متعلق شک تھا تو حضرت ام فضل رضی اللہ عنہا نے شک دور کرنے کے لیے دودھ کا پیالہ بھیجا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے پی لیا۔ اس سے معلوم ہو گیا کہ آپ اس وقت روزے سے نہیں تھے۔ (صحیح البخاري، الحج، حدیث: 1658)