تشریح:
(1) یہ اس بیماری کا واقعہ ہے جس میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے وفات پائی تھی۔ شروع میں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود ہی دم کرتے تھے، جب بیماری نے شدت اختیار کر لی تو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو حکم دیا، وہ آپ کو دم کرتی تھیں۔
(2) امام بخاری رحمہ اللہ نے لفظ "نفث" سے عنوان ثابت کیا ہے کہ معوذات پڑھ کر اس طرح اپنے ہاتھوں پر پھونک مارتے کہ اس میں تھوڑا سا لعاب دہن بھی شامل ہو جاتا۔ کچھ حضرات کا خیال ہے کہ دم کرتے وقت نفث نہیں ہونا چاہیے لیکن یہ موقف درست نہیں جیسا کہ ہم پہلے بیان کر آئے ہیں۔ ایک حدیث میں ہے کہ خیبر کے دن حضرت سلمہ بن اکوع کو چوٹ لگی تو لوگ کہنے لگے "سلمہ تو گیا" مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا گیا تو آپ نے مجھ پر تین بار پھونک ماری جس میں ہلکا لعاب دہن بھی تھا، اس کے بعد اب تک مجھے اس کی کوئی تکلیف نہیں ہوئی۔ (صحیح البخاری، المغازی، حدیث: 4206)