تشریح:
(1) کسی کو دیکھنے سے جو کیفیت پیدا ہوتی ہے اسے نظر سے تعبیر کیا گیا ہے۔ اگر کسی عاجزی کرنے والے انسان کو دیکھا جائے تو اس پر رحم کرنے کے جذبات پیدا ہوتے ہیں اور اگر کسی متکبر کو دیکھا جائے تو غصہ بھڑک اٹھتا ہے، اسی طرح اللہ تعالیٰ جب کسی کو تکبر کی وجہ سے چادر ٹخنوں سے نیچے لٹکائے دیکھے گا تو اللہ تعالیٰ اس پر ناراض ہو گا جیسا کہ حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم سے پہلے ایک آدمی نے لباس پہن کر تکبر کیا تو اللہ تعالیٰ اس پر اس قدر ناراض ہوا کہ زمین کو حکم دیا تو اس نے اس شخص کو پکڑ لیا۔‘‘ (جامع الترمذي، صفة القیامة، حدیث: 2491)
(2) بہرحال اصل برائی انسان کا تکبر کرنا اور فخر و غرور میں مبتلا ہونا ہے جو اللہ تعالیٰ کو سخت ناپسند ہے، یہ غرور جس طرح بھی ہو مذموم ہے۔ واللہ أعلم