تشریح:
(1) فرشتوں سے مراد رحمت کے فرشتے ہیں جو انسانوں کے لیے رحمت کی دعا اور استغفار کرتے ہیں اور گھر سے مراد انسان کے رہنے کی جگہ ہے، خواہ وہ جھونپڑی ہو یا خیمہ، نیز تصویر سے مراد کسی جاندار کی تصویر ہے جس کا سر کٹا ہوا نہ ہو اور نہ اسے پاؤں تلے روندا ہی جاتا ہو۔
(2) بہرحال تصاویر بنانا اور انہیں شوق سے رکھنا جرم کے اعتبار سے دونوں برابر ہیں۔ کسی بھی جاندار کی تصویر بنانا حرام بلکہ کبیرہ گناہ ہے کیونکہ اس میں اللہ تعالیٰ کی صفت خالقیت سے مشابہت پائی جاتی ہے، پھر اس میں کوئی امتیاز نہیں کہ تصویر کپڑے پر ہو یا کاغذ پر یا دیوار پر یا درہم و دینار پر، البتہ غیر جاندار، مثلاً: درخت، پہاڑ، دریا اور آبشار وغیرہ کی تصویر بنانے میں کوئی حرج نہیں، اس بنا پر ہمارا رجحان ہے کہ فوٹو گرافی اور تصویر کشی کا پیشہ اختیار کرنا حرام اور ناجائز ہے کیونکہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کے پاس ایک آدمی آیا اور عرض کرنے لگا: ابن عباس! میرا ذریعۂ معاش تصویر کشی ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں تجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث سناتا ہوں کہ آپ نے فرمایا: ’’جس نے تصویر بنائی اسے اس میں روح پھونکنے تک عذاب دیا جائے گا اور وہ کبھی اس میں روح نہیں پھونک سکے گا۔‘‘ وہ آدمی کانپنے لگا اور یہ وعید سن کر اس کا رنگ پیلا ہو گیا۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا: اگر تجھے تصویریں ہی بنانا ہیں تو درختوں وغیرہ کی بنایا کرو جن میں روح نہیں ہوتی۔ (صحیح البخاري، البیوع، حدیث: 2225)