تشریح:
(1) والدین کے اولاد پر دوحق ہیں: ایک اطاعت اور دوسرا حسن سلوک۔ اگر والدین شرک یا اللہ تعالیٰ کی نافرمانی پر اولاد کو مجبور کریں تو ان کی اطاعت کا حق ختم ہو جاتا ہے لیکن حسن سلوک کا حق پھر بھی برقرار رہتا ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’اور اگر وہ تجھ پر دباؤ ڈالیں کہ تو میرے ساتھ کسی کو شریک کرے،جس کا تجھے علم نہیں تو ان کا کہنا نہ مانو،البتہ دنیاوی معاملات میں ان کے ساتھ حسن سلوک کرتے رہو۔‘‘(لقمان31: 15)
(2) حدیث میں ذکر کردہ آیت کریمہ غیر حربی کفار سے تعلقات رکھنے کے متعلق ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے کہ اگر کافر، مسلمانوں کے ساتھ برسرپیکار نہیں۔ تو اس کے ساتھ حسن سلوک کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ بہرحال والدین اگر مشرک ہوں تو صلہ رحمی کا حق ختم نہیں ہوتا۔