تشریح:
(1) پیشاب سے پرہیز نہ کرنا اور چغلی کرتے پھرنا بہت بڑا گناہ ہے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ کبیرہ گناہ ہے لیکن ان سے پرہیز کرنا اتنا مشکل نہیں، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’انھیں کسی بڑی بات کی وجہ سے عذاب نہیں دیا جا رہا۔‘‘
(2) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ابن حبان کے حوالے سے ایک روایت کے الفاظ بیان کیے ہیں کہ ان میں سے ایک اپنی زبان سے لوگوں کو تکلیف دیتا تھا اور چغلی کرتا پھرتا تھا۔ (صحیح ابن حبان بترتیب ابن بلبان:106/3، رقم:824) انھوں نے مزید لکھا ہے کہ عالم برزخ۔ آخرت کے لیے ایک پیش خیمہ ہے۔ قیامت کے دن حقوق العباد میں سب سے پہلےفیصلہ خون ناحق کا ہوگا اور اس کی بنیاد بعض اوقات چغلی اور غیبت ہوتی ہے اورحقوق اللہ میں سب سے پہلے فیصلہ نماز کے متعلق ہوگا اور نماز کی بنیاد ہر قسم کی نجاستوں سے پاک ہونا ہے۔ ان میں فہرست پیشاب کے چھینٹوں سے پرہیز کرنا ہے۔ (فتح الباري:579/10)