تشریح:
(1) اس حدیث سے اذان کی فضیلت بھی معلوم ہوتی ہے اور ایک شرعی حکم کا بھی پتہ چلتا ہے۔ اذان کی فضیلت بایں طور ہے کہ محض اس کی آواز سننے سے بستی والوں کے مال اور خون محفوظ ہوجاتے ہیں۔ اور شرعی حکم یہ ہے کہ اگر کسی بستی سے اذان کی آواز آجائے تو وہاں حملہ کرنا جائز نہیں۔ یہ اس لیے کہ اذان، دین اسلام کی ایک بہت بڑی نشانی ہے، اس کا ترک کسی صورت جائز نہیں۔ جس بستی سے اذان کی آواز بلند ہو، اسلام اس بستی کے باشندگان کے مال وجان کی ضمانت دیتا ہے، نیز جس طرح اسلام کا اظہار شہادتین کے اقرار سے ہوتا ہے، اسی طرح عمل سے بھی ہوتا ہے، چنانچہ اگر کسی کافر کو اذان پڑھتے دیکھیں تو اسے قتل کرنا جائز نہیں، پھر جب تک اس سے کوئی کفر یہ عمل سرزد نہ ہو، اسے مسلمان ہی خیال کرنا چاہیے۔
(2) دراصل امام بخاری ؒ اذان کے ثمرات بیان کرنا چاہتے ہیں کہ اذان کا وجود لوگوں کے مال وخون کے محفوظ ہونے کی ضمانت دیتا ہے، چنانچہ ایک روایت میں اس کی بایں طور وضاحت ہے کہ رسول ا للہ ﷺ طلوع فجر کے وقت حملہ آور ہوتے تھے۔ آپ اذان کا انتطار کرتے، اگر اذان کی آواز سن لیتے تو حملہ کرنے سے رک جاتے اور اگر اذان کی آواز نہ آتی تو وہاں حملہ کردیتے۔ (صحیح مسلم، الصلاة، حدیث: 847(382))