تشریح:
(1) اس حدیث سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ جس نے دین اسلام کے علاوہ کسی اور دین کی قسم اٹھائی، مثلاً: اگر میں نے یہ کام کیا تو میں یہودی بن جاؤں یا عیسائی ہو جاؤں، اس طرح کہنے والے کا اسلام خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ یہودی ہو جائے جیسا کہ اس نے کہا ہے۔
(2) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد سے مراد زجر و تہدید اور وعید معلوم ہوتی ہے، گویا وہ یہودیوں جیسے عذاب کا حق دار ہو جاتا ہے۔ ایک دوسری حدیث میں اس کی مزید وضاحت ہے، حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے قسم اٹھائی اور کہا کہ میں اسلام سے بے زار ہوں، اگر جھوٹا ہے تو واقعی اسلام سے بے زار ہو گا جیسا کہ اس نے کہا ہے اور اگر وہ سچا ہے تو پھر بھی اسلام کی طرف صحیح سالم نہیں لوٹ سکے گا۔‘‘ (سنن أبي داود، الأیمان والنذور، حدیث: 3258) صحیح بخاری کی ایک روایت میں ہے: ’’جس نے جان بوجھ کر ملت اسلام کے علاوہ کسی دوسرے دین کی جھوٹی قسم اٹھائی وہ ایسا ہی ہے جیسا کہ اس نے کہا۔‘‘ (صحیح البخاري، الجنائز، حدیث: 1363)
(3) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ کسی چیز کو شرط کے ساتھ معلق کرنا بھی قسم ہوتا ہے کیونکہ اس سے بھی کسی چیز کے کرنے یا نہ کرنے کا عہد ہوتا ہے اور قسم میں یہی مقصود ہے۔ جمہور کا موقف ہے کہ ایسے آدمی کو توبہ و استغفار کرنا چاہیے، نیز اس کے ذمے کوئی کفارہ وغیرہ نہیں ہے لیکن اس میں کچھ تفصیل ہے کہ اگر وہ اسلام کے علاوہ کسی دوسرے دین کی تعظیم کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ بلاشبہ دین اسلام سے خارج ہو گا اور اگر تعظیم مقصود نہیں بلکہ تعلیق ہی پیش نظر ہے تو اگر دوسرا دین اپنانے کا ارادہ ہے تو کافر ہو جائے گا کیونکہ کفر کا ارادہ بھی کفر ہے اور اگر وہ اس سے دور رہنا چاہتا ہے تو کافر نہیں ہو گا۔
(4) بہرحال امام بخاری رحمہ اللہ کا رجحان یہی معلوم ہوتا ہے کہ ایسے آدمی کو دین سے خارج خیال نہیں کرنا چاہیے۔ (فتح الباري: 656/11)