تشریح:
اگر لوگوں کو مسنون طریقہ سکھانے کے لیے ان کے سامنے نماز پڑھی جائے تو وہ غیراللہ کے لیے نہیں ہوگی اور نہ اسے ریاکاری کہا جا سکتا ہے جس پر سخت وعید آئی ہے۔ اسی طرح حضرت مالک بن حویرث ؓ نے فرمایا کہ میرا نماز پڑھنے کا ارادہ نہیں، اس سے مقصود یہ نہیں تھا کہ وہ ثواب کی نیت سے نماز نہیں پڑھ رہے تھے بلکہ وہ تو انھیں اس وقت نماز پڑھنے کا سبب بتلا رہے تھے کہ میں تعلیم کی نیت سے نماز پڑھ کر تمھیں دکھا رہا ہوں جیسا کہ ایک روایت میں اس کی صراحت ہے۔ (صحیح البخاري، الأذان، حدیث:824)
(2) حضرت مالک بن حویرث ؓ یہ سمجھتے تھے کہ قول کی نسبت عمل سے تعلیم دینا زیادہ مناسب اور فائدہ مند ہے، چنانچہ ایسا کرنا "شرك في العبادة" نہیں بلکہ شریعت کے تقاضے کے عین مطابق ہے۔ (فتح الباري:212/2) مذید برآں اس حدیث سے جلسۂ استراحت کا بھی ثبوت ملتا ہے اور اس سے مراد پہلی اور تیسری رکعت کے سجدے سے اٹھ کر کھڑے ہونے سے پہلے ذرا سا بیٹھنا ہے۔ اس کی تفصیل ہم آئندہ بیان کریں گے۔ إن شاءالله