تشریح:
1۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دجال کے کانا ہونے کی خصوصیت سے بیان کیا ہے کیونکہ یہ ایک ایسا وصف ہے جس کا ہر آدمی ادراک کر سکتا ہےحتی کہ جاہل آدمی سے بھی یہ عیب پوشیدہ نہیں ہوتا۔ دجال کے کذاب ہونے کی واضح دلیل یہ ہے کہ وہ کانا ہو گا۔ یہ عیب بالکل نمایاں واضح ہے جبکہ اللہ تعالیٰ ہر قسم کے عیب سے پاک ہے لہٰذا دجال ربوبیت اور الوہیت کا دعوی کرنے میں جھوٹا ہو گا پھر اس کی بے بسی کا حال یہ ہو گا کہ وہ پانے اس عیب کو کسی صورت میں بھی دور نہیں کر سکے گا۔ یہ ایک ایسی علامت ہے جس کے متعلق کسی نبی نے بھی اپنی امت کو آگا ہ نہیں کیا ہو گا۔
2۔ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دجال سے خبردار کرتے ہوئے فرمایا:"تم میں سے کوئی بھی اپنے رب کو مرنے سے پہلے نہیں دیکھ سکے گا۔" (صحیح مسلم، الفتن، حدیث:7356(159) اس کا مطلب یہ ہے اللہ رب العالمین کا دیدار اس دنیا میں ناممکن ہے لہٰذا دجال جو اپنے رب کا دعویدار ہے اور اسے تم اس دنیا میں دیکھ رہے ہو اس کے جھوٹے ہونے کی واضح دلیل ہے۔ (فتح الباري:120/13)