تشریح:
1۔ایک دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’دجال کی ایک آنکھ مٹی ہوئی ہو گی اور اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان کافر لکھا ہو گا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہجےکر کے بتلایا ک، ف، ر، جسے ہر مسلمان پڑھ سکے گا۔‘‘ (صحیح مسلم، الفتن، حدیث: 2933۔(7365)
2۔ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ کافر کا لفظ حقیقت کے طور پر لکھا ہوگا جبکہ کچھ حضرات اس کی تاویل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مومن کے دل میں ایمان کا نور بھر دے گا۔ وہ دجال کو دیکھتے ہی پہچان لے گا کہ یہ کافر جعل ساز شعبدے باز ہے اور کافر کی عقل پر پردہ ڈال دیا جائے گا وہ اس کی شعبد ہ بازی دیکھ کر اسے سچا خیال کرے گا لیکن احادیث کے الفاظ اس تاویل کی تردید کرتے ہیں۔
3۔واضح رہے کہ دجال اپنے ماتھے پر لکھا ہوا۔ "کافر" مٹانے کی قدرت نہیں رکھے گا کیونکہ اگر اس کے لیے یہ ممکن ہو تو وہ اسے ضرور مٹا ڈالے تاکہ وہ لوگوں کو مزید گمراہ کر سکے لیکن اس کے لیے یہ ممکن نہیں ہو گا مومن ان الفاظ کو بآسانی پڑھ لے گا خواہ وہ پڑھا لکھا نہ ہو اور کافر انھیں نہیں پڑھ سکے گا۔ خواہ پڑھا لکھا ہو۔ واللہ أعلم۔