تشریح:
1۔ان احادیث میں امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ایک دوسرے انداز سے ذات باری تعالیٰ کے لیے صفت علو ثابت کی ہے۔ وہ اس طرح کہ ان میں اللہ تعالیٰ کے لیے فوقیت کا اثبات ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ فلق کے اوپر ہے اوران سے جدا اور الگ ہے ارشاد باری تعالیٰ ہے:(وَهُوَ الْقَاهِرُ فَوْقَ عِبَادِهِ ۖ) ’’وہ اپنے بندوں پر غالب ہے۔‘‘ (الأنعام61) نیز فرمایا: (يَخَافُونَ رَبَّهُم مِّن فَوْقِهِمْ وَيَفْعَلُونَ مَا يُؤْمَرُونَ) ’’اللہ کے بندے اپنے رب سے ڈرتے ہیں جو ان کے اوپر ہے اور انھیں جو حکم دیا جائے اسے بجالاتے ہیں۔‘‘ (النحل:50)
2۔اس سلسلے میں فرعون نے اپنے درباریوں کواُلو بنانے کے لیے ایک اسکیم تیار کی۔ وہ کہنے لگا: ’’اے ہامان! میرے لیے ایک بلند عمارت بنا تاکہ میں ان راستوں تک پہنچ سکو جو آسمانوں کے راستے ہیں۔موسیٰ کے الٰہ کی طرف جھانک کر دیکھوں اور بے شک میں تو اسے یقیناً جھوٹا ہی خیال کرتا ہوں۔‘‘ (المومن:40۔37) یعنی موسیٰ جس الٰہ کی بات کرتا ہے میں جاننا چاہتا ہوں کہ وہ کہاں اور کتنی بلندی پر ہے؟ اس آیت سے معلوم ہوتا ہےکہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بھی ذات باری تعالیٰ کے متعلق یہی عقیدہ پیش کیا تھا کہ وہ آسمانوں کے اوپرہے۔ نیز جو اس کا انکار کرتا ہے وہ فرعون کا اتباع کرتا ہے چنانچہ علامہ طحاوی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ جہمیہ میں سے جس نے علو باری تعالیٰ کی نفی کی وہ فرعونی ہے اور جس نے علو کو ثابت کیا وہ موسوی اور محمدی ہے۔(شرح العقیدة الطحاویة: 259/1)
3۔علامہ طحاوی رحمۃ اللہ علیہ نے بیسیوں دلائل سے ذات باری تعالیٰ کے لیے صفت ثابت کی بلکہ فطرت کا تقاضا ہے کہ اس کے علو کو تسلیم کیا جائے کیونکہ انسان دعا کرتے وقت اپنے ہاتھوں کو اوپر کی طرف اٹھاتا ہےاور نہایت عاجزی کے ساتھ جہت علو کا قصد کرتا ہے۔اس سے مقصود یہ نہیں ہوتا کہ اللہ تعالیٰ نیچے ہے بلکہ اس سے مقصود اللہ کے حضورخود کو ذلیل کرنا اور نیچا دکھانا ہوتا ہےاللہ تعالیٰ تو ایسی گھٹیا باتوں سے پاک ہے۔ (شرح العقیدہ الطحاویة: 372/1) پہلی حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے عرش کے اوپر اپنے پاس لکھا۔ ’’میری رحمت میرے غصے سے سبقت لے گئی ہے۔‘‘ علامہ خطابی رحمۃ اللہ علیہ نے اس کے معنی لکھے ہیں کہ اس کے پاس کائنات کا علم ہے جسے نہ وہ بھولے گا اور نہ اس میں تبدیلی ہی کرے گا۔ (فتح الباری:13/509) اہل علم اس تاویل کو تسلیم نہیں کرتے بلکہ اس کتاب خاص کو مبنی بر حقیقت تسلیم کرتے ہیں جسے اس نے اپنے پاس عرش پر رکھا ہے۔ یہ اس بات کے منافی نہیں کہ لوح محفوظ میں اسے الگ طور پر لکھا گیا ہے۔ بہر حال یہ کتاب حقیقت پر مبنی ہے اور عرش پر ہونا بھی حقیقت پر مبنی ہے۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کا عرش کے اوپر ہونا بھی حقیقی ہے۔ اس سے مقصود اللہ تعالیٰ کا عرش پر مستوی ہونا ہے اور اس کا عرش تمام مخلوقات سے اوپر اور ان سے الگ ہے۔ (شرح کتاب التوحید للغنیمان:1/397)