تشریح:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس اُمید سے قرآن مجید باآواز بلند پڑھتے تھے تاکہ مشرکین اسے سنیں اور اس پر غور وفکر کریں لیکن انھوں نے رَدّ عمل کے طور پر اسے برابھلا کہنا شروع کر دیا، اس لیے زیادہ اونچا پڑھنے سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو روک دیا گیا۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اس تفسیر سے ثابت کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا کلام مخلوق نہیں کیونکہ اس کی صفت "انزال" بیان ہوئی ہے، اس لیے یہ کلام اللہ تعالیٰ کی صفت ہے، اس کی مخلوق نہیں کیونکہ مخلوق کو پڑھا نہیں جاتا اور نہ بلند وپست آواز سے پڑھا جا سکتا ہے۔ بہرحال قرآن کریم مخلوق نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی نازل کردہ کتاب ہے جیسا کہ قرآن وحدیث کے متعدد دلائل سے ثابت ہے۔