تشریح:
(1) حضرت نافع ایک دوسرے مقام پر وضاحت کرتے ہیں کہ جب حضرت ابن عمر ؓ سے نماز خوف کے متعلق سوال کیا جاتا تو آپ نماز خوف کے طریقے سے آگاہ فرماتے، نیز کہتے کہ اگر حالات زیادہ سنگین ہوں تو لوگ پا پیادہ کھڑے کھڑے نماز پڑھیں گے اور اگر سوار ہوں تو اپنی سواریوں پر اسے ادا کریں گے، خواہ اس وقت قبلے کی جانب منہ ہو سکے یا نہ ہو سکے۔ حضرت نافع نے کہا مجھے اطمینان ہے کہ حضرت ابن عمر ؓ نے یہ بات رسول اللہ ﷺ ہی سے استفادہ کر کے بیان کی ہو گی۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث:4535)
(2) امام بخاری ؒ نے اس مقام پر مجاہد کے حوالے سے اس روایت کو بیان کیا ہے لیکن مجاہد کی بات کو کسی جگہ پر بیان نہیں کیا، اس لیے موجودہ عبارت کے مفہوم میں اختلاف پیدا ہوا، البتہ علامہ اسماعیلی نے مجاہد کا قول نقل کیا ہے کہ جب دشمن سے مڈبھیڑ (مقابلہ) ہو جائے تو سر کے اشارے سے بھی نماز پڑھی جا سکتی ہے۔ اسی طرح حضرت ابن عمر ؓ کا قول بھی مجاہد کی طرح بیان ہوا ہے کہ جب دشمن سے مڈبھیڑ ہو جائے تو زبان سے ذکر اور سر کے اشارے سے نماز ادا کی جائے، جیسا کہ ابن عمر ؓ سے منقول ہے، البتہ ان دونوں کے اقوال میں فرق یہ ہے کہ حضرت مجاہد نے اپنی رائے کی بنیاد پر یہ موقف اختیار کیا ہے جبکہ حضرت ابن عمر ؓ کا موقف، رسول اللہ ﷺ سے مروی حدیث کی بنا پر ہے۔ امام بخاری ؒ کی بیان کردہ روایت کی تشریح امام ابن بطال نے صحیح طور پر کی ہے جیسا کہ ہم نے بیان کیا ہے۔ (عمدة القاري:140/5)
(3) حافظ ابن حجرؒ نے إذا اختلطوا قياما میں لفظ قياما کو تصحیف قرار دیا ہے، وہ فرماتے ہیں دراصل یہ لفظ إنما ہے، کیونکہ روایات میں (إذا اختلطوا فإنما هو الإشارة بالرأس) ہے۔ (فتح الباري:556/2) لیکن ہمارے نزدیک اسے تصحیف قرار دینے کی ضرورت نہیں کیونکہ امام بخاری ؒ نے رجالاً کے معنی قياماً سے کیے ہیں۔ یہ معنی اس وقت درست ہو سکتے ہیں جب روایت میں قياماً کے لفظ کو صحیح تسلیم کیا جائے، بصورت دیگر امام بخاری ؒ کا عنوان بلا دلیل رہے گا۔ واللہ أعلم۔